حکومت نے مالی سال 2025-26 کے ابتدائی دو ماہ میں تنخواہ دار طبقے سے 85 ارب روپے انکم ٹیکس وصول کیا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 21 فیصد زیادہ ہے۔ پچھلے سال اسی عرصے میں 70 ارب روپے جمع ہوئے تھے، اس طرح 15 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اعدادوشمار کے مطابق نان کارپورٹ ملازمین سے 41 ارب، کارپورٹ ملازمین سے 20 ارب، صوبائی سرکاری ملازمین سے ساڑھے 10 ارب اور وفاقی ملازمین سے 7.6 ارب روپے ٹیکس وصول ہوا، جب کہ بڑے پنشنرز پر لگائے گئے نئے ٹیکس سے صرف 18 کروڑ روپے حاصل ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق پچھلے مالی سال میں مجموعی طور پر 555 ارب روپے ملازمت پیشہ افراد سے ٹیکس لیا گیا تھا، جو ایک سال میں 188 ارب روپے زیادہ تھا۔ جائیداد کے شعبے میں بھی تبدیلی آئی، جہاں پلاٹوں کی فروخت پر ٹیکس وصولی 92 فیصد بڑھ کر 28 ارب روپے تک جا پہنچی، تاہم خریداری پر ٹیکس وصولی 12 فیصد کم ہو کر 13 ارب روپے رہ گئی۔
دوسری طرف ایف بی آر اگست میں 951 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 901 ارب روپے ہی اکٹھا کر سکا، جس سے 50 ارب روپے کی کمی رہی۔ جولائی اور اگست میں مجموعی ہدف 1698 ارب روپے تھا لیکن 1663 ارب روپے جمع ہوسکے اور 35 ارب روپے کا شارٹ فال سامنے آیا۔ رواں مالی سال کے لیے ٹیکس وصولی کا ہدف 14 ہزار 131 ارب روپے مقرر ہے۔




