لاہور: پنجاب حکومت نے گرانٹ اِن ایڈ پالیسی 2025 کا اعلان کرتے ہوئے 10 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی کی سربراہ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگ زیب ہوں گی اور یہ گرانٹ اِن ایڈ کیسز کا جائزہ لے کر کابینہ کو سفارشات پیش کرے گی۔
کمیٹی گرانٹ کے تسلسل یا نئے مقاصد کے لیے درخواستوں پر فیصلہ کرے گی اور اگر ایک مقصد کے لیے رقم مختلف نوعیت میں مانگی گئی ہو تو کیس کابینہ کو بھیجا جائے گا۔ کمیٹی گرانٹ کی بندش یا قبل از وقت خاتمے کے معاملات اور اضافی یا سپلیمنٹری بجٹ کیسز پر بھی سفارشات کابینہ کو پیش کرے گی۔
کمیٹی میں وزیر قانون، وزیر برائے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور، سیکرٹری آئی اینڈ سی، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور سپیشل سیکرٹری فنانس (بجٹ) شامل ہیں۔ کمیٹی کے فیصلے حتمی سفارش کے طور پر کابینہ کو پیش ہوں گے اور کسی بھی گرانٹ کی منظوری کابینہ کی اجازت کے بغیر نہیں ہوگی۔ یہ کمیٹی صوبائی حکومت کے مالیاتی نظم و ضبط اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے تشکیل دی گئی ہے۔




