رحمتِ دو جہاں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت باسعادت کا جشن آج ملک بھر میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میں عاشقانِ رسول ﷺ جشنِ میلاد کے رنگ میں رنگے نظر آ رہے ہیں۔
گلی گلی، نگر نگر چراغاں کیا گیا ہے، مساجد، بازار، عمارتیں اور راستے روشنیوں سے جگمگا اٹھے ہیں۔ درود و سلام کی صداؤں نے فضاؤں کو معطر کر دیا ہے۔ دیپالپور میں مشعل بردار جلوس نکالے گئے، جن میں عاشقانِ رسول ﷺ نے بھرپور شرکت کی۔
ملک بھر کی مساجد میں محافلِ میلاد کا انعقاد کیا گیا، جہاں علمائے کرام نے سیرت النبی ﷺ پر روشنی ڈالتے ہوئے رسول اکرم ﷺ کی تعلیمات کو اجاگر کیا۔ پنجاب اسمبلی سمیت اہم سرکاری عمارتوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِاعظم کی شرکت متوقع ہے۔
دوسری جانب، عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔




