لاہور پولیس نے 6 سال قبل مبینہ طور پر جنات کے ہاتھوں اغوا ہونے والی خاتون فوزیہ کی بازیابی کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے۔ ترجمان پولیس کے مطابق فوزیہ کا اغوا لاہور کے نواحی علاقے کاہنہ میں ہوا تھا، اور ٹیم کی سربراہی ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان حیدر کریں گے۔ ٹیم میں ایس ایس پی عاصم کمبوہ، ایس پی ماڈل ٹاؤن محمد ایاز، ڈی ایس پی اسپیشل برانچ، ڈی ایس پی سیف سٹی، ڈی ایس پی سی سی ڈی حسنین حیدر، ڈی ایس پی عثمان حیدر اور انسپکٹر زاہد سلیم شامل ہیں۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے خاتون کی جلد بازیابی کا حکم دیا ہوا ہے اور آئی جی پنجاب کو 18 ستمبر تک مہلت دی گئی تھی۔ دوران سماعت آئی جی عثمان انور نے مغوی خاتون کی بازیابی کے لیے اقدامات کی رپورٹ پیش کی، جس میں اسپیشل برانچ، سی سی ڈی، انویسٹی گیشن، آپریشن اور آئی بی افسران کی 9 رکنی ٹیم تشکیل دینے کی تفصیلات شامل تھیں۔
عدالت نے استفسار کیا کہ تفتیش کے لیے پہلے اقدامات کیوں نہیں کیے گئے اور کہا کہ پہلے دن نوٹس لینا چاہیے تھا، جبکہ گھر والوں کا مؤقف تھا کہ خاتون کو جن اٹھا کر لے گئے۔ اغوا کا مقدمہ کاہنہ پولیس نے درج کر رکھا ہے اور تفتیش جاری ہے۔




