راولپنڈی: پاک فضائیہ نے 7 ستمبر کو یوم شہدا ملک بھر کے تمام اڈوں پر عقیدت و احترام کے ساتھ منایا۔ ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سندھو نے کہا کہ فضائیہ مادر وطن کی سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم ہے۔ دن کا آغاز دعاؤں اور قرآن خوانی سے ہوا، جس میں 1965 اور 1971 کی جنگوں کے شہدا سمیت وطن کی خاطر جانیں قربان کرنے والے تمام جانبازوں کو یاد کیا گیا۔
ایئرچیف مارشل نے تقریب سے خطاب میں پاک فضائیہ کی قربانیوں، جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کو اجاگر کیا اور کہا کہ یوم شہدا مسلح افواج کی بہادری اور قربانی کا جذبہ ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا بھی اظہار کیا۔
تقریب کے اختتام پر ایئرچیف مارشل نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے خلا، الیکٹرانک وارفیئر، سائبر ٹیکنالوجیز اور مقامی دفاعی پیداوار کے شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کو مزید بہتر بناتی رہے گی۔




