صدر مملکت آصف علی زرداری نے سندھ میں متوقع شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور بروقت اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی، ضلعی اور بلدیاتی ادارے پیشگی تیاریوں کو حتمی شکل دیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
صدر زرداری نے شہری علاقوں، خصوصاً نشیبی اور ساحلی مقامات پر انتظامات مکمل رکھنے اور حب ڈیم سمیت تمام آبی ذخائر میں پانی کی سطح پر مسلسل نگرانی کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور حکومت کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کریں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے تمام انتظامات پیشگی طور پر مکمل رکھے جائیں اور ضلعی و تحصیل سطح پر ریلیف مشینری اور عملہ ہر وقت مستعد اور فعال رہے۔ ساتھ ہی میڈیا اور مقامی انتظامیہ عوامی آگاہی مہم میں بھرپور کردار ادا کریں تاکہ شہریوں کو بروقت درست معلومات میسر آئیں اور کسی بھی ممکنہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔




