اسلام آباد (طلوع نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کو گرفتار کر کے کوئی ہدف حاصل نہیں کرنا تھا،
نیب نے عمران خان کو القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں گرفتار کیا،ایف آئی اے،نیب کی تحقیقات میں عمران خان کوجواب دیناہوگا۔الجزیرہ ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان اور اس کی جماعت نے ہمیشہ ملک کو نقصان پہنچایا، شرپسندوں نے جناح ہاؤس کی تاریخی عمارت کو نشانہ بنایا، عسکری املاک اور تاریخی عمارتوں کو نقصان پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ تشدد اور انتشار کی سیاست کو فروغ دیا، زمان پارک میں پولیس پر پٹرول بم پھینکے اور پتھراؤ کیا گیا، جتھوں کی صورت میں کارکنوں نے جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ کیا۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنے دور میں اپوزیشن کی مقبول لیڈر شپ کو جیلوں میں ڈالا، ایف آئی اے اور نیب کی تحقیقات میں عمران خان کو جواب دینا ہوگا، حکومت نے اپنے شہریوں کے خلاف کوئی طاقت کا استعمال نہیں کیا۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ جنرل (ر) باجوہ کو تاحیات ایکسٹینشن کی آفر عمران خان نے کی، توشہ خانہ سمیت تمام کیسز میں کرپشن کے ثبوت موجود ہیں، ملک کی بنیاد 3 ستونوں پر قائم ہوتی ہے، آپ سے ملکر خوشی ہوئی کے الفاظ عدالتوں میں کہے گئے، مسٹر خان نے ہی اپنی حکومت جانے کے بعد مختلف موقف اپنائے۔






