نئی دہلی: پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والے سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر بھارت نے تشویش کا اظہار کیا ہے اور اس معاہدے کا جائزہ لینے کا اعلان کیا ہے۔
بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ “ہمیں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون اور سلامتی سے متعلق اس معاہدے کے بارے میں اطلاعات ملی ہیں۔ ہم اس کے اثرات کا مطالعہ کریں گے تاکہ دیکھا جا سکے کہ یہ ہماری قومی سلامتی، خطے اور عالمی استحکام پر کس طرح اثرانداز ہو گا۔”
جیسوال نے مزید کہا کہ بھارت اپنی قومی مفادات کے تحفظ اور ہر سطح پر جامع سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے اس دفاعی معاہدے کے تحت کسی ایک ملک کے خلاف بیرونی جارحیت کو دونوں ممالک کے خلاف حملہ تصور کیا جائے گا، اور دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔
یہ دفاعی شراکت داری ایسے وقت سامنے آئی ہے جب اسرائیل کی جانب سے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں حملوں کے بعد عرب ممالک میں تشویش بڑھ گئی ہے، اور خطے میں سلامتی کے امور پر نئے سوالات اٹھنے لگے ہیں۔






