لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دورہ چین کے شاندار نتائج سامنے آ گئے ہیں، جس کے تحت پنجاب ساؤتھ ایشیا میں کینسر کے علاج میں سبقت لینے والا پہلا صوبہ بن گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے میو ہسپتال میں پاکستان کا پہلا سرکاری کوآبلیشن سینٹر افتتاح کیا اور سرجیکل وارڈ میں پہلی کوآبلیشن مشین کا معائنہ کیا۔ مریم نواز نے پنجاب میں مزید 5 کوآبلیشن مشینیں منگوانے اور اس کے لیے ڈاکٹرز اور سٹاف کے پول قائم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
وزیراعلیٰ نے ماسٹر ٹرینرز کی خدمات حاصل کرنے اور پہلے سینٹر کے ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل سٹاف سے ملاقات کر کے انہیں شاباش دی۔ انہوں نے کوآبلیشن کے ذریعے علاج ہونے والے مریضوں سے بھی ملاقات کی اور ان سے بات چیت کی۔
سینئر ریڈیالوجسٹ ڈاکٹر شہزاد کریم بھٹی نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی کہ کوآبلیشن مشین کے ذریعے کینسر سیل کو منفی 198 ڈگری تک فریز اور پھر 83 ڈگری تک حرارت دے کر ختم کیا جاتا ہے۔ ایک مریض کے علاج میں تقریباً 16 لاکھ روپے خرچ ہوتے ہیں، جبکہ 60 سے 120 منٹ کے آپریشن کے بعد مریض چند گھنٹوں میں چلنے پھرنے کے قابل ہو جاتے ہیں۔
کوآبلیشن مشین کے ذریعے جگر، پھیپھڑے اور بریسٹ کینسر کے ابتدائی مراحل کا علاج کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کوآبلیشن ٹریٹمنٹ کے بعد صحت یاب ہونے والے پہلے پانچ مریضوں، جن میں رانا محمد اصغر، محمد اکرم، مس پروین اور اقبال بانو شامل ہیں، سے ملاقات کی اور انہیں شاباش دی۔
ڈاکٹر شہزاد کریم بھٹی، بائیو انجینئر اور ٹیکنیشن نے چین سے ٹریننگ حاصل کی ہے، اور اس موقع پر ینگ ڈاکٹرز نے صحت کے شعبے میں شاندار اقدامات پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو مبارکباد دی۔





