پنجاب کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ نارمل ہو چکا ہے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پانی کی سطح میں نمایاں کمی آئی ہے۔ پروانشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا کے مطابق دریائے ستلج، چناب اور راوی سمیت مختلف مقامات پر پانی کا بہاؤ کنٹرول میں ہے جبکہ پنجند کے مقام پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 33 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے بتایا کہ دریائے راوی، ستلج اور چناب میں شدید سیلابی صورتحال کے باعث 47 سو سے زائد موضع جات متاثر ہوئے اور مجموعی طور پر 47 لاکھ 55 ہزار افراد متاثر ہوئے۔ متاثرہ اضلاع میں 319 ریلیف کیمپس اور 407 میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے، جہاں سے 26 لاکھ 22 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ 356 ویٹرنری کیمپس کے ذریعے 20 لاکھ 90 ہزار مویشیوں کو بھی بچایا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ سیلاب میں مختلف حادثات کے نتیجے میں 127 شہری جاں بحق ہوئے جبکہ ڈیموں میں پانی کی صورتحال تشویشناک ہے۔ منگلا ڈیم 96 فیصد، تربیلا ڈیم 100 فیصد، بھارتی بھاکڑا ڈیم 88 فیصد، پونگ ڈیم 99 فیصد اور تھین ڈیم 90 فیصد تک بھر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق نقصانات کے ازالے کے لیے جلد سروے شروع کیا جائے گا اور متاثرین کو شفاف طریقہ کار کے تحت معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔






