راولپنڈی کی ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی میں کرپشن اور ناقص کارکردگی پر 16 ملازمین کو برطرف کر دیا گیا ہے، جبکہ مزید 200 کی برطرفی کا عمل جاری ہے۔ سی ای او ڈاکٹر احسان غنی کے مطابق 14 ملازمین کی تنخواہ بطور جرمانہ کاٹی گئی اور 3 کے انکریمنٹ ضبط کیے گئے۔
سابق سی ای او ڈاکٹر انصر اسحاق نے موجودہ سی ای او کے خلاف 2 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا ہے، جو جوہر عقیل کیس رپورٹ میں منفی ریمارکس کی بنیاد پر کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اتھارٹی میں 1500 سینٹری پیٹرول اور 62 اینٹامالوجسٹ کی غیر قانونی بھرتیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ محکمہ صحت پنجاب نے 3 دن میں رپورٹ طلب کی تھی، مگر 3 ماہ گزرنے کے باوجود تحقیقات شروع نہیں ہو سکیں۔
انکوائری آفیسر ڈاکٹر معیز منظور نے سیلاب ڈیوٹی کے باعث تاخیر کی وضاحت دی، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ معاملے کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انکوائری کے لیے تین مراسلے اکتوبر 2024، جنوری اور اپریل 2025 میں بھیجے گئے تھے۔





