اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے کارروائی کرتے ہوئے جعلسازی سے بچے ظاہر کر کے ہانگ کانگ جانے والے پانچ مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔ یہ افراد تھائی لینڈ کے وزٹ ویزے پر سفر کر رہے تھے۔
مسافروں میں بشریٰ اور اس کا حقیقی بیٹا امجد علی شامل تھے، جبکہ علیزے شاہین، محمد عدنان اور ذیشان علی کو بشریٰ کے بچے ظاہر کر کے بیرون ملک لے جانے کی کوشش کی گئی۔ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ یہ تینوں افراد بشریٰ کے حقیقی بچے نہیں ہیں۔
گھر والوں نے فی کس 1 کروڑ 50 لاکھ روپے ایجنٹ کو ادا کیے، جس نے نادرا ریکارڈ میں جعلسازی کر کے تینوں کو اعجاز علی کے بچوں کے طور پر ظاہر کیا۔ ان کا پتہ صوابی درج کیا گیا، جبکہ اصل تعلق سرگودھا، اٹک اور خوشاب سے ہے۔
ایئرپورٹ پر سہولت فراہم کرنے والے پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے اہلکار کو بھی شاملِ تفتیش کر لیا گیا ہے۔ مسافروں کو اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے اور نادرا و پاسپورٹ اہلکاروں کے کردار کی بھی تحقیقات جاری ہیں۔





