کراچی: سندھ کے سرکاری اسپتالوں کے ملازمین نے ڈسپیرنس الاؤنس میں 50 فیصد اضافہ، تنخواہوں میں 70 فیصد اضافہ اور پنشن کٹوتی کے خاتمے سمیت دیگر مطالبات کی منظوری تک او پی ڈیز بند رکھنے کا اعلان کر دیا۔
یہ فیصلہ گرینڈ ہیلتھ الائنس (جی ایچ اے) کے اجلاس میں کیا گیا جو سول اسپتال کراچی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پی ایم اے، وائی ڈی اے، وائی این اے، الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز ایسوسی ایشن سندھ، سندھ پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
ملازمین کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ گریڈ 1 تا 22 کے تمام مستقل ملازمین کی تنخواہوں میں 70 فیصد اضافہ کیا جائے، ڈسپیرنس الاؤنس میں 50 فیصد اضافہ دیا جائے، گروپ انشورنس اور بینولنٹ فنڈ کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے اور پنشن میں کسی قسم کی کٹوتی نہ کی جائے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ کل سے سندھ کے تمام سرکاری اسپتالوں میں او پی ڈیز اور دفاتر بند رہیں گے جبکہ صرف ایمرجنسی سروسز فراہم کی جائیں گی۔
رہنماؤں نے واضح کیا کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج اور بائیکاٹ جاری رہے گا اور ملازمین اپنے حقوق کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔





