اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس سے خطاب میں کہا کہ غزہ کے عوام پر ظلم ڈھایا جا رہا ہے، فوری جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی ناگزیر ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ انسانی امداد کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
انتونیو گوتریس نے یوکرین کی صورتحال کو بھی عالمی امن کے لیے خطرہ قرار دیا اور کہا کہ وہاں انسانیت کے خلاف جرائم جاری ہیں، اس لیے پائیدار جنگ بندی اشد ضروری ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ استثنیٰ کی پالیسی سے دنیا میں امن کے ستون گر رہے ہیں، اگر موثر کثیرالجہتی ادارے نہ رہے تو دنیا افراتفری کا شکار ہو جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ ہم افراتفری چاہتے ہیں یا استحکام اور امن۔
سیکرٹری جنرل نے زور دیا کہ امن دنیا کی اولین ترجیح ہونا چاہیے اور انسانی حقوق کے تحفظ اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کے لیے ٹھوس اقدامات ناگزیر ہیں۔





