پیرس: جنوبی افریقہ کے سفیر ایمانوئلن نکوسیناتھ متھتھوا فرانس کے ایک لگژری ہوٹل کے صحن میں پراسرار حالات میں مردہ حالت میں پائے گئے۔
فرانسیسی پراسیکیوٹر کے مطابق 58 سالہ سفیر پیر کی شام لاپتہ رپورٹ ہوئے تھے، اس سے قبل انہوں نے اپنی اہلیہ کو ایک تشویشناک پیغام بھیجا تھا جس میں معافی مانگنے کے ساتھ اپنی جان لینے کا ذکر کیا گیا تھا۔ اگلی صبح ہوٹل کے سکیورٹی گارڈ نے ان کی لاش دریافت کی۔
تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ سفیر نے ہوٹل کی 22ویں منزل پر کمرہ بک کیا تھا جہاں کھڑکی کا حفاظتی لاک زبردستی کھولا گیا تھا۔ تاہم پولیس کو کمرے میں کسی جھگڑے، نشہ آور دوا یا منشیات کے شواہد نہیں ملے۔
جنوبی افریقہ کے صدر نے ان کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔ وزارتِ خارجہ کے مطابق متھتھوا کو دسمبر 2023 میں فرانس میں سفیر مقرر کیا گیا تھا، اس سے قبل وہ وزیرِ پولیس اور وزیرِ کھیل و ثقافت کے عہدوں پر بھی فائز رہ چکے تھے۔






