لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا فلڈ سروے شروع کر دیا گیا ہے۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق سیلاب سے متاثرہ 27 اضلاع میں 1857 ٹیموں نے ڈیٹا اکٹھا کرنے کا عمل شروع کیا۔ اب تک فلڈ سروے میں 81 ہزار 510 متاثرین کی تفصیلات جمع ہو چکی ہیں۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سروے ٹیموں نے مختلف اضلاع میں 56 ہزار 207 کسانوں سے فصلوں کے نقصانات بارے جانچ پڑتال کی اور 53 ہزار 985 ایکڑ سیلاب متاثرہ اراضی کی نشاندہی کی۔ اس کے علاوہ 24 ہزار 246 مکانات کے نقصان کا ڈیٹا بھی اکٹھا کیا گیا ہے۔
سروے کے مطابق 1057 افراد اپنے مویشیوں سے محروم ہوئے، جب کہ مجموعی طور پر 3945 ہلاک شدہ مویشیوں کی تفصیلات موصول ہوئیں۔ اربن یونٹ، ریونیو، محکمہ زراعت، لائیو اسٹاک اور پاک فوج کے نمائندے گھر گھر جا کر سروے کر رہے ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ اتھارٹی روزانہ کی بنیاد پر سروے کی پیش رفت کا جائزہ لے رہی ہے۔
ادھر ایک متاثرہ بزرگ شہری نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے نواز شریف کی بیٹی متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کرے گی۔ بزرگ شہری نے وزیر اعلیٰ اور میاں نواز شریف کے حق میں نعرے بھی لگائے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق سروے ٹیمیں کشتیوں کی مدد سے بھی متاثرہ دیہات تک پہنچ رہی ہیں اور کھڑے پانی میں گزر کر متاثرین کا ڈیٹا یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے شفافیت کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں۔






