بھارت کی جانب سے دریاؤں میں پانی چھوڑے جانے کا امکان

0
202

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ملک میں موسم کی تبدیلی سردیوں کے آغاز کی علامت ہے اور آنے والے دنوں میں پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں۔ آج صوبے کے مختلف اضلاع میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے جبکہ 5 اکتوبر سے راولپنڈی سے لاہور تک شدید بارشوں کا امکان ہے۔ جنوبی پنجاب اور بالائی علاقوں میں بھی بارشیں متوقع ہیں جو 70 ملی میٹر تک ہو سکتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حالیہ سیلاب سے پنجاب کے 27 اضلاع متاثر ہوئے، ہیڈ مرالہ پر اس وقت 20 ہزار کیوسک پانی آرہا ہے جبکہ آئندہ 48 گھنٹوں میں بھارت سے ایک لاکھ کیوسک پانی آنے کا خدشہ ہے۔ ستلج میں 50 ہزار اور تھین ڈیم سے راوی میں 35 ہزار کیوسک پانی آنے کی توقع ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق منگلا ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہے لیکن جہلم میں بڑی سیلابی صورتحال متوقع نہیں۔ سیلاب متاثرہ اضلاع میں ساڑھے 11 ہزار افراد پر مشتمل 2 ہزار 213 ٹیمیں سروے کر رہی ہیں، سروے 27 اکتوبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔

عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ متاثرین کی سہولت کے لیے بینک آف پنجاب کے بوتھ قائم کیے جائیں گے جہاں کارڈ ملنے کے بعد متاثرہ افراد فوری طور پر 50 ہزار روپے نکال سکیں گے۔ شکایات کے ازالے کے لیے پی ڈی ایم اے اور پی آئی ٹی بی نے خصوصی پلیٹ فارم تشکیل دیا ہے جو سات روز میں مسائل حل کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 15 برس میں 51 ارب روپے سیلاب متاثرین کو دیے گئے جبکہ 2025 کا سیلاب حالیہ تاریخ کے تمام سیلابوں سے زیادہ نقصان دہ ثابت ہوا ہے، جس میں گھروں، مویشیوں، فصلوں اور انسانی جانوں کا بڑا نقصان ہوا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا