شرجیل میمن کا چیلنج قبول، جنوبی پنجاب بھی سندھ سے ترقی یافتہ ہے: عظمیٰ بخاری

0
174

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن کا چیلنج قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ جگہ اور وقت آپ کی پسند کا ہوگا لیکن خود آئیے گا، کسی پراکسی کے پیچھے مت چھپیے گا۔

ایک بیان میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب کے سیلاب متاثرین پر گندی سیاست کا بیانیہ ناکام ہوگیا ہے، اب وزیراعظم کے خلاف پھپھے کٹنیوں والا بیانیہ لے آئے ہیں۔ بلاول بھٹو وزیر خارجہ ہوتے ہوئے بھی اپنی جماعت سمیت وفاقی حکومت اور وزیراعظم کی جڑیں کھوکھلی کررہے تھے، یہ بات قوم کو یاد ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جن کے اپنے گھر میں باپ بیٹے کی نہیں بنتی وہ پنجاب کے معاملات میں طعنے زنی کرکے اپنے گناہوں پر پردہ ڈالنا چاہتے ہیں۔ آپ پنجاب کے خلاف سازش کر رہے ہیں، جب آپ سے کارکردگی پوچھی جاتی ہے تو آپ لسانیت کارڈ اور صوبائیت کارڈ کھیلنے لگتے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جنوبی پنجاب آج بھی اندرون سندھ کے کسی بھی علاقے سے زیادہ بہتر اور ترقی یافتہ ہے۔ آپ نے کراچی کے کچرے، سڑکوں کی خستہ حالی اور سولر پینل منصوبے میں کرپشن پر جواب دینا ہے لیکن آپ اس پر بھی لسانیت کارڈ لے آتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کراچی جیسے بوگس بلدیاتی انتخابات نہیں ہوں گے، اور پنجاب میں جب بھی الیکشن ہوں گے وہ شفاف ہوں گے۔ میرا پانی میری مرضی بالکل ایسے ہی ہے جیسے مرسوں مرسوں پانی نہ دیسوں، لیکن پنجاب اپنے وسائل اپنی مرضی سے استعمال کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ وڈیرہ ازم اور ہاریوں کے بچوں کو تعلیم سے دور رکھ کر سیاست میں پذیرائی نہیں ملتی۔ اگر آپ مریم نواز کی مقبولیت سے خوفزدہ نہ ہوتے تو آج چھٹی کے روز بھی پریس کانفرنس کی ضرورت پیش نہ آتی۔

سندھ حکومت کا ردعمل

ترجمان سندھ حکومت مصطفیٰ عبداللہ بلوچ نے عظمیٰ بخاری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات اور سیلاب متاثرین سے راہ فرار اختیار کرنے والے ہمیں فرار ہونے کا طعنہ دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کو عوام سے ہمدردی ہے تو سب سے پہلے بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں تاکہ مقامی مسائل مقامی سطح پر حل ہو سکیں۔ پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کے دکھوں کا مداوا کرنے کے بجائے صرف دورے کر رہی ہے۔

مصطفیٰ بلوچ نے کہا کہ ہم وزیراعظم کی تعریف کرتے ہیں تو پنجاب حکومت کو برا لگتا ہے۔ اپنی اندرونی رنجشوں کا غصہ سندھ حکومت پر نہ نکالا جائے۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ ہم صوبائیت کی سیاست نہیں کرتے، لیکن پنجاب حکومت تقسیم کو فروغ دے رہی ہے جو افسوسناک عمل ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا