جماعت اسلامی نے کراچی والوں کو خواب دکھائے، وفا نہ کی: مرتضیٰ وہاب

0
208

راچی کے میئر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے کراچی کے عوام کو سہانے خواب تو دکھائے لیکن ان خوابوں کی تکمیل کے لیے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا۔

ضلع وسطی کے علاقے ناگن چورنگی صدیق اکبر روڈ پر مختلف ترقیاتی منصوبوں کے سنگِ بنیاد کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اس وقت جماعت اسلامی کے زیرِ انتظام ٹاؤن میں موجود ہیں، جہاں سڑکوں کی خستہ حالی عوام کے سامنے ہے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ یہ علاقہ پیپلز پارٹی کا نہیں بلکہ جماعت اسلامی کے کارکنوں کا گڑھ ہے، جو کام کرنے کے بجائے احتجاج اور تنقید میں مصروف رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بلا تفریق عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کے مطابق ہر ضلع اور ٹاؤن میں عوامی خدمت جاری ہے۔

میئر کراچی نے بتایا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ماتحت 106 شاہراہوں کی مرمت و بحالی کا کام جاری ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ کے ایم سی عوامی خدمت کے لیے سرگرم عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیوکراچی سمیت تمام علاقے کراچی والوں کے ہیں، کسی سیاسی جماعت کے نہیں۔ جماعت اسلامی صرف احتجاج اور بینرز تک محدود ہے جبکہ پیپلز پارٹی عملی خدمت کر رہی ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ ایک لاکھ پینسٹھ ہزار اسکوائر فٹ روڈ کارپیٹنگ، ساڑھے تین لاکھ مشین کارپیٹنگ اور پور بلاک لگانے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اسی طرح حافظ نعیم الرحمن کی یونین کونسل میں بھی دو لاکھ پینتیس ہزار اسکوائر فٹ سڑک تعمیر کی جا رہی ہے اور ساتھ ہی ایک اعشاریہ ایک کلومیٹر نالے کی تعمیر بھی ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہر کے انفرا اسٹرکچر کی بہتری کے لیے 28 ارب روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔ تفریق، تعصب اور تنقید کی سیاست کو ختم کرنا ہوگا کیونکہ کراچی کے عوام کو نعرے نہیں بلکہ خدمت چاہیے۔

میئر کراچی نے مزید بتایا کہ منگھوپیر سے نیوکراچی کو ملانے والی سڑک کی ازسرِ نو تعمیر جاری ہے، جبکہ ڈاڈیکس کی خستہ حال سڑک کا ٹینڈر جمعے کو جاری کیا جائے گا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ فورکے چورنگی پر دو نئے فلائی اوورز تعمیر کیے جائیں گے تاکہ ٹریفک کے مسائل میں کمی لائی جا سکے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا