غزہ امن معاہدہ مشرقِ وسطیٰ میں تاریخی موقع ہے:وزیراعظم

0
205

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ غزہ معاہدہ مشرقِ وسطیٰ میں دیرپا امن کے قیام کا ایک تاریخی موقع فراہم کرتا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ غزہ میں نسل کشی کے خاتمے کے لیے ہونے والے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے لیے امریکی صدر ٹرمپ کی کوششیں عالمی امن کے لیے اُن کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔

وزیراعظم نے قطر، مصر اور ترکی کے رہنماؤں کی کوششوں کو بھی سراہا اور کہا کہ ان ممالک نے امن کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ سب سے بڑھ کر فلسطینی عوام کو سلام پیش کیا جانا چاہیے، جنہوں نے آزادی اور وقار کے لیے بے مثال قربانیاں دیں۔

انہوں نے مسجد الاقصیٰ پر حالیہ اشتعال انگیز واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسی تکلیف دہ صورتحال دوبارہ نہیں دہرائی جانی چاہیے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے دوست اور برادر ممالک کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا تاکہ فلسطینی عوام کے لیے امن، سلامتی اور عزتِ نفس اُن کی خواہشات اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق یقینی بنائی جا سکے۔

واضح رہے کہ اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان جنگ بندی اور یرغمال قیدیوں کی رہائی سے متعلق امن منصوبے کے پہلے مرحلے پر مصر میں دستخط ہو چکے ہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا