اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر):قومی کھیل ہاکی کے فروغ اور نوجوانوں کو بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے وزارتِ بین الصوبائی رابطہ نے ہاکی کی بحالی کا جامع منصوبہ شروع کردیا ہے، جس کے تحت اسلام آباد کے سرکاری اسکولز اور کالجز میں 30 ہاکی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
یہ منصوبہ وفاقی حکومت کے نوجوانوں کے کھیلوں کی ترقی کے پروگرام کے تحت شروع کیا گیا ہے۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی نے اسکولوں کے لڑکوں اور لڑکیوں میں ہاکی کٹس تقسیم کیں۔
محی الدین وانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور انہیں یکساں مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو کھیلوں کے ذریعے بااختیار بنانے اور ہاکی کے سنہری دور کو واپس لانے کے لیے پرعزم ہے۔
وفاقی سیکرٹری کے مطابق ہر ٹیم کو جدید کھیلوں کے آلات، کٹس اور تربیتی سامان فراہم کیا گیا ہے، تاکہ کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تربیت کے مواقع میسر آئیں۔
محی الدین وانی نے کہا کہ یہ منصوبہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ حکومت نوجوانوں کو درست پلیٹ فارم، سہولیات اور رہنمائی فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ ہے تاکہ پاکستان میں ہاکی ایک بار پھر عروج حاصل کرے۔






