گھانا میں کشتی الٹنے سے 15 افراد جاں بحق

0
160

اکرا: شمال مشرقی گھانا کی وولٹا جھیل میں کشتی الٹنے سے کم از کم 15 افراد ہلاک ہوگئے جن میں 11 بچے شامل ہیں۔ یہ حادثہ ہفتے کے روز اوٹی ریجن کے کراچی ویسٹ ڈسٹرکٹ میں پیش آیا۔

گھانا میری ٹائم اتھارٹی کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں دو سے 14 سال کے درمیان تھیں۔ باقی متاثرین میں عمر رسیدہ افراد بھی شامل تھے جو 64 سال تک کے تھے۔ کشتی اوکوما سے بوویم کے لیے روانہ ہوئی تھی جب دوران سفر الٹ گئی۔

حکام کے مطابق چار بالغ افراد زندہ بچ گئے۔ ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ کشتی اوور لوڈ تھی، جسے حکام نے “حفاظتی معیارات کی سنگین اور ناقابل قبول خلاف ورزی” قرار دیا ہے۔

مزید تحقیقات کے لیے بحریہ کے افسران پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم روانہ کردی گئی ہے۔ حکام مسافروں کی تعداد پر سخت نگرانی اور لائف جیکٹس کے استعمال کو یقینی بنانے کے لیے جھیل کے کناروں پر سیفٹی انفورسمنٹ آپریشن شروع کرنے جا رہے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ وزارت ٹرانسپورٹ کے ساتھ مل کر ایک اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی بھی قائم کی جائے گی تاکہ ذمہ داری کا تعین کیا جا سکے۔

وولٹا جھیل میں کشتی حادثات عام ہیں، جو اکثر اوور لوڈنگ اور زیرِ آب درختوں کے تنوں سے ٹکرانے کے باعث پیش آتے ہیں۔ گزشتہ سال مئی میں بھی ایک حادثے میں 18 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ اگست میں چھ مسافروں کی جان گئی تھی۔

گھانا میری ٹائم اتھارٹی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ سانحے کی وجوہات سامنے لا کر ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا