لاہور(طلوع نیوز)سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے سپریم کورٹ سے 9 مئی کے ہنگامے کی جوڈیشل انکوائری کی اپیل کی ہے تاکہ اس بات کا تعین کیا جا سکے کہ اس روز توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کا ذمہ دار کون تھا۔
لاہور میں زمان پارک میں واقع اپنی رہائش گاہ سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے حکومت کو پیغام دیا کہ وہ آئندہ تین چار ہفتوں کے دوران جتنے پارٹی اراکین کو پی ٹی آئی چھوڑنے پر مجبور کرسکتی ہے کرے لیکن اس کے بعد انتخابات کا اعلان کردے
۔انہوں نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر دو تین ہفتے لینا چاہتے ہیں تو لے لیں جتنے لوگوں کو پارٹی سے الگ کرنا چاہتے ہیں کرلیں، جس رفتار سے آپ جا رہے ہیں، آپ بہت لوگوں کو توڑ چکے، مزید بھی چھوڑ جائیں گے لیکن میری گزارش ہے کہ کوئی ٹائم فریم دیں کیونکہ ملک تباہی کی جانب جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ’معیشت ڈوب رہی ہے، اس لیے دو سے تین ہفتے کا ٹائم فریم دیں
پھر جب آپ کو لگے کہ آپ نے پی ٹی آئی سے اتنے لوگوں کو توڑ لیا ہے کہ اب وہ الیکشن لڑنے کے قابل نہیں رہی تو الیکشن کا اعلان کریں۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے حکومت سے گزارش کی ہے کہ مجھے سیاست سے باہر کرنے کی کوشش میں ملک کو تباہ نہ کریں، میں اپنے اقتدار کے لیے نہیں ملک کی خاطر الیکشن کا مطالبہ کر رہا ہوں، جن لوگوں کا جینا مرنا پاکستان سے ہے ان کے لیے جینا مشکل ہوگیا ہے۔






