لاہور — وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے کابینہ میں شامل ہونے والے نئے وزراء نے ملاقات کی، جس میں سیاسی امور، پارٹی معاملات اور ملک کی مجموعی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ امن و امان کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان اور صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل خواجہ منشاء اللہ بٹ کی کابینہ میں شمولیت کا خیرمقدم کیا اور اسے خوش آئند قرار دیا۔
رانا محمد اقبال اور منشاء اللہ بٹ نے قیادت کے اعتماد پر مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر قانون نے مریم نواز شریف کے پرامن پنجاب کے وژن کو سراہا۔
مریم نواز شریف نے صوبائی وزیر محنت کو فیکٹری ورکرز اور مزدوروں کی رجسٹریشن میں شفافیت یقینی بنانے اور مقررہ اجرت کی ادائیگی کو ہر حال میں ممکن بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان کا کہنا تھا کہ چند ماہ میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔






