باجوڑ کی تحصیل ماموند کے علاقے تنگئی میں سکیورٹی فورسز نے ایک بارودی گاڑی کو فائر کر کے تباہ کر دیا، جو اطلاعات کے مطابق سیکڑوں کلو گرام بارود سے بھری ہوئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رات کے وقت سڑک کنارے چھوڑ دی گئی اس گاڑی کو سکیورٹی اہلکاروں نے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں گاڑی دھماکے سے اڑ گئی۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنۃ الخوارج اس گاڑی کو کسی سول آبادی میں لے جا کر دھماکے کے ذریعے نقصان پہنچانے کا ارادہ رکھتی تھی، تاہم فورسز کی بروقت کارروائی کے باعث حملہ ناکام بن گیا۔
حکام نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز اور عوام کو کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں پہنچا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ بارودی مواد افغانستان سے اسمگلنگ کے ذریعے لایا گیا تھا۔
سکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گرد عناصر کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔






