اسلام آباد(طلوع نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے میڈیکل رپورٹس کی بنیاد پر بے بنیاد الزامات عائد کرنے کے خلاف وزیرِ صحت عبدالقادر پٹیل کو 10 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے عبدالقادر پٹیل کے خلاف بھرپور قانونی چارہ جوئی کا آغاز کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق 26 مئی کو وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ 5 مہینوں سے پلاسٹر چڑھا کر رکھا لیکن میڈیکل رپورٹ میں کوئی فریکچر نہیں آیا اور ابتدائی رپورٹ میں نشہ آور اشیا کا استعمال سامنے آیا ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل ابوذر سلمان نیازی کی جانب سے وفاقی وزیرِ صحت کو قانونی نوٹس بھجوایا گیا۔
عمران خان نے وفاقی وزیر عبدالقادر پٹیل کو 10 ارب ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا۔قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عبدالقادر پٹیل 15 روز میں اپنے بیہودہ الزامات واپس لیں اور فوری طور پر چیئرمین تحریک انصاف سے غیرمشروط معافی مانگیں۔قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر عبدالقادر پٹیل چیئرمین تحریک انصاف کو 10 ارب بطور ہرجانہ ادا کریں جسے شوکت خانم اسپتال میں جمع کروایا جائے گا۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عبدالقادر پٹیل نے معافی نہ مانگی تو قانونی کارروائی آگے بڑھائیں گے۔
مزید کہا گیا ہے کہ میڈیکل رپورٹ بے بنیاد، من گھڑت، جھوٹی اور حقائق کے برعکس بنائی گئی۔قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 26 مئی کو آپ (وفاقی وزیر) کی طرف سے پریس کانفرنس کے دوران ہمارے مؤکل پر عائد کیے گئے من گھڑت، بے بنیاد، جھوٹے اور توہین آمیز الزامات عائد کرنے کے خلاف ہم اپنے مؤکل عمران احمد خان نیازی کی ہدایات پر آپ (عبدالقادر پٹیل) کو ہتک عزت آرڈیننس کے تحت قانونی نوٹس بھیج رہے ہیں۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ کی پریس کانفرنس کو ملک سمیت عالمی دنیا میں بھی دیکھا گیا جو کہ براہ راست ٹی وی چینلز، یوٹیوب اور مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نشر کی گئی۔
مزید کہا گیا ہے کہ شراب اور کوکین کا تعین یورین ٹیسٹ سے کیسے کیا جا سکتا ہے، گرفتاری کے وقت ہمارے مؤکل کو سر میں چوٹ لگی لیکن میڈیکل رپورٹ میں اس کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ (وفاقی وزیر) مستقبل میں ہمارے مؤکل کے خلاف اس طرح کے الزامات عائد کرنے سے گریز کریں۔






