Tuesday, January 7, 2025
Google search engine

مقبول خبریں

تعلیمی اداروں میں موبائل لائبریریوں سے بچوں میں سیکھنے کی استعداد میں مزید اضافہ ہوگا

ملتان(طلوع نیوز) سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں موبائل لائبریریوں سے بچوں میں سیکھنے کی استعداد کو بہتر بنانے،علم کے فروغ اورطلبہ میں کتب بینی وتحریرنگاری کے ذوق و اجاگر کرنے میں مددملےگی،اساتذہ قومی ذمہ داری کےطور پر اس منصوبے کو کامیاب بنائیں،وہ جمعرات کے دن قائداعظم اکیڈمی آف ایجوکیشن ڈویلپمنٹ نواں شہر ملتان میں موبائل لائبریریوں کے حوالے سے اساتذہ کی تربیتی ورکشاپ سےخطاب کرتے ہوئےکیا۔

انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ملتان کے تعلیمی اداروں میں ادارہ تعلیم وآگہی کی معاونت سے ’’کتاب گاڑی‘‘کےذریعے طلبہ کوکتب بینی سے روشناس کرایا جا رہا ہے۔موبائل لائبریریوں کا منصوبہ بچوں کے چہروں پر مسکراہٹ کے ساتھ ساتھ علم کےفروغ اور نئے آئیڈیازکا ذریعہ بنےگا۔انہوں نےمزیدکہا کہ’’کتاب گاڑی‘‘مختلف سکولوں اورعوامی مقامات پربھیجی جائے گی،اس تربیتی ورکشاپ کا مقصد تعلیمی اداروں کے زیادہ سے زیادہ بچوں کو موبائل لائبریری کی طرف راغب کرنا،تفریح،تعلیم وتربیت اورانہیں کتب بینی کے جذبےسےحقیقی معنوں میں روشناس کرانا ہے۔اس موقع پرایڈیشنل سیکرٹری آغا ظہیر عباس شیرازی بھی ان کے ہمراہ تھے۔