مظفرآباد: وزیراعظم آزادکشمیر نے یوم تجدید عہد کے موقع پر کہا ہے کہ بھارتی فوج اور آر ایس ایس کے جتھوں نے لاکھوں کشمیریوں پر مظالم ڈھائے، لیکن پاکستان نے کشمیری مہاجرین کو سینے سے لگایا جس پر وہ شکر گزار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر کے عوام نے ہندوستانی فوج کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور آج آزاد کشمیر ہر شعبہ میں ترقی کر رہا ہے۔ وزیراعظم نے انسانی آزادی کی صورتحال کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں عدالتی نظام موجود ہے اور افواج پاکستان نے قربانیاں دے کر خطے کی حفاظت کی ہے۔
چودھری انوار الحق نے کہا کہ معرکہ حق نے دنیا کی جنگی تاریخ میں نئے باب کا اضافہ کیا اور پاکستان نے ہندوستان کو بری، بحری، فضائی، سفارتی اور سائبر محاذوں پر شکست دی۔ انہوں نے شہدا اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور معرکہ حق میں فیلڈمارشل سید عاصم منیر اور افواج کو کامیابی کا کریڈٹ دیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر کے قیام کا مقصد تب تک مکمل نہیں ہوگا جب تک مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام ہندوستان کے قبضے سے آزاد نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 35 سالوں میں ہزاروں نوجوان شہید ہوئے اور حریت قیادت کو پابند سلاسل رکھا گیا، تاہم ہندوستان کشمیری عوام کے جذبوں کو شکست نہیں دے سکا۔
یوم تاسیس کے موقع پر مظفرآباد میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی، صبح دعائیہ تقریبات سے آغاز ہوا اور پاکستان و کشمیر کی سلامتی اور شہدا کشمیر کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ اس موقع پر پاک فوج کے جوانوں نے 21 توپوں کی سلامی دی اور “پاکستان زندہ باد” اور “آزاد کشمیر زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔






