خیبر پختونخوا حکومت نے صوابی، نوشہرہ، کوہاٹ اور دیگر اضلاع میں ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کے تحت سونے کی غیر قانونی کان کنی سمیت تمام سرگرمیوں پر عائد پابندی میں 30 روز کی توسیع کر دی۔
محکمہ داخلہ و قبائلی امور کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دریائے سندھ اور دریائے کابل کے کناروں پر سونے کی غیر قانونی کان کنی کی سرگرمیوں پر پابندی برقرار رہے گی۔ یہ حکم فوری طور پر نافذالعمل ہوگا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام ماحولیاتی تحفظ، آبی وسائل کے آلودہ ہونے سے بچاؤ اور غیر مجاز کان کنی سے پیدا ہونے والے امن و امان کے مسائل کے پیش نظر کیا گیا ہے۔






