وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے دورے پر ریاض روانہ

0
468

اسلام آباد: سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر وزیراعظم محمد شہباز شریف فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو کی نویں کانفرنس میں شرکت کے لیے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ریاض روانہ ہو گئے۔

وفد میں نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، اور معاونینِ خصوصی طارق فاطمی و بلال بن ثاقب شامل ہیں۔

ریاض میں منعقدہ فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو میں دنیا بھر کے رہنما، سرمایہ کار، پالیسی ساز اور ماہرین شرکت کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف اس عالمی فورم میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

وزیراعظم پائیدار ترقی، اقتصادی شمولیت، جدت، اور عالمی جغرافیائی سیاست میں تبدیلیوں پر ہونے والے مکالموں میں شرکت کریں گے اور ان موضوعات پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔

اپنے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سعودی قیادت سے ملاقاتیں بھی کریں گے جن میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور افرادی قوت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے پر بات چیت ہوگی۔ ان ملاقاتوں میں عالمی اور علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وزیراعظم عالمی رہنماؤں اور بین الاقوامی اداروں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گے جن میں پاکستان میں سرمایہ کاری اور پائیدار ترقی کے مواقع پر گفتگو ہوگی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا