ایشیائی ترقیاتی بینک کے گرین کلائمیٹ فنڈ نے ’’گلیشیئرز ٹو فارمز‘‘ پروگرام کے لیے 25 کروڑ ڈالر کی منظوری دے دی ہے۔ یہ پروگرام پاکستان سمیت 9 ممالک میں شروع ہوگا، جس کا مقصد گلیشیئرز پر انحصار کرنے والے علاقوں میں پانی اور زرعی نظام کو مضبوط بنانا ہے۔
اعلامیے کے مطابق اے ڈی بی آئندہ 10 برس کے دوران اس منصوبے پر 3.25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ پروگرام کے تحت مؤثر آبپاشی، پانی ذخیرہ کرنے کے نظام اور واٹر شیڈ مینجمنٹ کو فروغ دیا جائے گا تاکہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث بڑھتے ہوئے خشک سالی اور سیلاب کے خطرات سے نمٹا جا سکے۔
منصوبے سے تقریباً 1 کروڑ 30 لاکھ افراد، خصوصاً کسان اور پہاڑی آبادی براہ راست فائدہ حاصل کریں گے۔ نارین، پیانج، کورا اور سوات کے دریائی حوض اس پروگرام کا حصہ ہوں گے۔ اس کے تحت جدید وارننگ اور مانیٹرنگ سسٹم قائم کیے جائیں گے، جبکہ پانی کی قلت اور شدید گرمی سے متاثرہ کمیونٹیز کے لیے سماجی تحفظ بھی مضبوط کیا جائے گا۔
پروگرام کے ذریعے مقامی بینکوں کو خواتین کی سربراہی میں زرعی کاروباروں کی معاونت کے قابل بنایا جائے گا۔ اعلامیے کے مطابق گلیشیئرز کا تیزی سے پگھلاؤ خطے کے لیے ایک بڑے ترقیاتی چیلنج میں تبدیل ہو رہا ہے، اور جی سی ایف کی مدد سے یہ خطہ منتشر کوششوں سے نکل کر ایک منظم اور لچکدار نظام کی جانب بڑھے گا۔






