اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی جس میں محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر نامزد کرنے پر اتفاق ہوا۔ پی ٹی آئی وفد میں اسد قیصر، جنید اکبر اور شہرام ترکئی شامل تھے، جبکہ جے یو آئی کی جانب سے مولانا صلاح الدین ایوبی، جلال الدین ایڈووکیٹ اور مولانا اسجد محمود شریک ہوئے۔
ملاقات میں سیاسی صورت حال، خطے کے حالات اور خیبر پختونخوا میں قومی جرگہ کی تجویز پر مشاورت کی گئی، جسے مولانا فضل الرحمان نے خوش آئند قرار دیا۔ پی ٹی آئی نے پارلیمنٹ میں اپوزیشن کو متحد کرنے کے لیے مولانا فضل الرحمان سے کردار ادا کرنے کی درخواست کی جبکہ کے پی اسمبلی کی خالی سینیٹ نشست پر جے یو آئی سے تعاون بھی مانگا گیا۔






