آبادیوں میں کارروائیاں عوام کیلئے خطرہ بنتی ہیں، مؤثر حکمتِ عملی اختیار کریں: علی امین گنڈاپور

0
335

پشاور: سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر مطلوبہ رفتار سے عمل نہیں ہو رہا، ایسی حکمتِ عملی اپنائی جائے جس میں کارروائیاں بھی ہوں اور عوام کو بھی نقصان نہ پہنچے۔

میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دورِ حکومت میں حالات انتہائی خراب تھے، آج دہشت گرد آبادیوں میں پناہ لیتے ہیں جس سے عام شہری بھی متاثر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پولیس کو مضبوط کیا اور پولیس کی کارروائیوں میں شہریوں کی جانیں ضائع نہیں ہوتی تھیں، لیکن اگر آبادی پر مارٹر گولے برسائے جائیں گے تو نقصان تو ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ باجوڑ میں جرگے کے ذریعے صورتحال کو بہتر بنایا گیا، وہاں رضاکارانہ طور پر ہم نے کہا کہ ہم نیچے آتے ہیں، آپ علاقہ کلیئر کریں۔

سابق وزیر اعلیٰ نے سہیل آفریدی کے حوالے سے کہا کہ انہیں بانی پی ٹی آئی نے منتخب کیا، وہ ہمارے بھائی ہیں اور ہم ان کا ساتھ دیں گے۔ اداروں کو اپنے دائرے میں رہ کر کام کرنا چاہیے اور جس منصب پر کوئی بیٹھا ہے اسے جواب دہ ہونا ہوگا۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی راہ میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں، سہیل آفریدی کی ان سے ملاقات ہونی چاہیے، وزیر اعلیٰ بھی ملاقات کرکے صوبے کے معاملات پر گفتگو کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کی جانب سے احتجاج سے متعلق جو بھی ہدایات ملیں، ان پر عمل کیا جائے گا۔ آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے عوام کو ان کے حقوق دینا ضروری ہے، ایسے اقدامات سے عوام اور اداروں کے درمیان فاصلہ بڑھتا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا