ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار کھانے کے وقفے سے پہلے چائے کا وقفہ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جسے ایک غیر معمولی اور تاریخی تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ تبدیلی صرف بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان 22 نومبر کو گوہاٹی میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں لاگو ہوگی، جہاں سورج دیگر علاقوں کے مقابلے میں جلد طلوع اور جلد غروب ہوتا ہے۔
قدرتی روشنی میں 90 اوورز مکمل کرانے کے لیے دونوں کرکٹ بورڈز نے باہمی رضامندی سے سیشن ٹائمنگ تبدیل کی ہے۔ نئے شیڈول کے مطابق میچ کا آغاز صبح 9 بجے ہوگا، جو معمول سے 30 منٹ پہلے ہے۔
پہلا سیشن صبح 9 سے 11 بجے تک ہوگا، جس کے بعد 11 سے 11:20 تک چائے کا وقفہ رکھا گیا ہے۔ دوسرا سیشن 11:20 سے 1:20 تک جاری رہے گا، جس کے بعد 2 بجے تک کھانے کا وقفہ ہوگا۔ آخری سیشن دوپہر 2 سے شام 4 بجے تک کھیلا جائے گا تاکہ کھیل غروبِ آفتاب سے پہلے مکمل ہوسکے۔






