ایبٹ آباد میں مختلف جامعات کے اساتذہ اور طلبہ سے خصوصی نشست کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ایک بار پھر واضح کیا کہ پاک فوج دفاعِ وطن کے لیے پوری طرح تیار ہے اور کسی بھی بیرونی جارحیت کا جواب سخت اور شدید ہوگا۔
اس خصوصی نشست میں اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے حالیہ پاک–افغان کشیدگی، ملکی سکیورٹی صورتحال اور معرکۂ حق سمیت مختلف اہم موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی اور فتنۂ خوارج کے خلاف مؤثر اقدامات کیے ہیں، اور قوم کی قربانیوں کے باعث آج ملک میں واضح بہتری آئی ہے۔ نشست میں اساتذہ اور طلبہ کی جانب سے شہداء اور غازیوں کو زبردست خراجِ تحسین بھی پیش کیا گیا۔
ہزارہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اکرام اللہ خان نے کہا کہ وطن سے محبت کا حقیقی استعارہ پاک فوج ہے، جو ہمیشہ محاذِ اول پر رہتی ہے اور قوم اس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
اساتذہ نے اظہار کیا کہ دشمن عناصر کی جانب سے نوجوان نسل کو گمراہ کرنے کی کوششیں بڑھ رہی ہیں، جس کے لیے ضروری ہے کہ بچوں کو درست اور مصدقہ معلومات فراہم کی جائیں۔
طلبہ نے بھی ڈی جی آئی ایس پی آر کی گفتگو کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ وہ اس ملک کے شہری ہیں جہاں پاک فوج جیسے ادارے نوجوانوں کو حوصلہ، رہنمائی اور تحفظ فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آج انہیں سوشل میڈیا پر پاک فوج کے خلاف پھیلائی جانے والی غلط افواہوں کے بارے میں درست آگاہی ملی۔
طلبہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کے جوابات نے ملکی و صوبائی حالات اور افواج پاکستان سے متعلق کئی ابہامات دور کر دیے۔






