وزیراعظم شہباز شریف کے کوآرڈی نیٹر اختیار ولی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی حالیہ ویڈیوز اور تقاریر حلف کی سنگین خلاف ورزی کے مترادف ہیں، اس لیے وہ وزارتِ اعلیٰ کے اہل نہیں رہے۔
اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ویڈیوز منظرعام پر آنے کے بعد کئی سوالات جنم لے رہے ہیں، جبکہ پی ٹی آئی کا پراپیگنڈا نیٹ ورک انہیں جعلی قرار دینے کی مہم چلا رہا ہے۔
اختیار ولی کے مطابق ویڈیوز کی فارنزک کے بعد تمام حقائق واضح ہو جائیں گے اور یہ بات ثابت ہوگی کہ ویڈیوز کو کسی اور موقع کی قرار دینے سے جرم کی نوعیت تبدیل نہیں ہوتی۔ ان کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی کا کردار 9 مئی کے دیگر ملزمان سے بھی زیادہ سنگین ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے ریاست کے تحفظ کا حلف اٹھایا تھا، اور حلف کے باوجود ان کے بیانات ہر لحاظ سے قابلِ گرفت ہیں۔






