نیویارک — نیویارک کے نومنتخب میئر، ظہران ممدانی نے اپنے عوامی خطاب میں کہا کہ وہ نیویارک کے ہر مزدور کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور ٹرمپ کو پیغام دیتے ہیں کہ نیویارک ہمیشہ تارکین وطن کا شہر رہے گا۔
ظہران ممدانی نے نیویارک کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے نیویارک میں تاریخ رقم کی ہے، عوام نے ثابت کیا کہ ان کے ہاتھ میں طاقت ہے اور انہوں نے موروثی سیاست کا خاتمہ کردیا۔ “کامیابی حاصل کرنے میں میرا ساتھ دینے کے لیے نیویارک کے نوجوانوں کا شکر گزار ہوں، آپ کی وجہ سے ہم آج یہاں ہیں۔”
نومنتخب میئر نے کہا کہ “نیویارک کے شہریوں نے یہ ثابت کیا کہ نیویارک ان کا ہے، جمہوریت ان کی ہے، اور ہم لیڈرشپ کے نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔ یکم جنوری کو میئر کے عہدے کا حلف اٹھاؤں گا، اور میں نیویارک کے ہر مزدور کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔”
ظہران ممدانی نے کہا کہ نیویارک میں کارکنوں کا کردار بہت اہم ہے، اور ٹیکسی ڈرائیورز، شیفز، نرسز سمیت ورکنگ کلاس کے تمام افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نیویارک کو ایسا شہر بنائیں گے جہاں سب آسانی سے رہ سکیں۔
“ہم نے اس شہر میں نئے دور کا آغاز کیا ہے، آج خوف کی شکست اور امید کی جیت ہوئی۔ نیویارک نے تبدیلی کے لیے ووٹ دیا ہے، اور ہمیں اس بات کا افسوس ہے کہ اس دن کو دیکھنے میں اتنا وقت لگا۔”
ظہران ممدانی نے مزید کہا، “آج کا دن ثابت کرتا ہے کہ امید ابھی زندہ ہے، نیویارک ایک اجالا بن کر ابھرا ہے۔ میں جانتا ہوں کہ ڈونلڈ ٹرمپ میری تقریر دیکھ رہے ہیں، ٹرمپ سن لیں: نیویارک ہمیشہ تارکین وطن کا شہر رہے گا۔”
انہوں نے اپنی تقریر میں یہ بھی کہا کہ وہ مسلمان اور ڈیموکریٹک سوشلسٹ ہیں، اور نیویارک اب وہ شہر نہیں رہا جہاں اسلاموفوبیا کے نام پر سیاست کی جائے۔ “اگر کوئی ٹرمپ کو شکست دے سکتا ہے تو وہ نیویارک شہر ہے، کیونکہ نیویارک کو تارکین وطن نے مضبوط کیا ہے۔”
ظہران ممدانی نے کہا کہ یکم جنوری سے وہ ایسی شہری حکومت قائم کریں گے جو سب کے لیے فائدہ مند ہو، اور وہ مزدور حقوق کے لیے یونینز کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ “سکیورٹی اور انصاف سب کو فراہم کیا جائے گا، اور میں عوام کے حقوق کے لیے لڑوں گا کیونکہ میں ان میں سے ہوں۔”






