دوحہ — امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے پاکستان کی کامیابیوں پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قطر پاکستان کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کے دوران امیرِ قطر نے پاکستانی کمیونٹی کے کردار کی تعریف کی اور ان کی تعداد میں اضافہ کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ صدرِ مملکت نے قطر کے امیر کو پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ صدر زرداری نے قطر کی ترقی اور امیرِ قطر کی بصیرت افروز قیادت کو سراہا۔

قطر کے وزیراعظم سے ملاقات
قبل ازیں، صدر آصف علی زرداری نے قطر کے وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن بن جاسم الثانی سے دوحہ میں ملاقات کی۔ عالمی سماجی ترقیاتی کانفرنس کے موقع پر ہونے والی اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، تجارت کے فروغ اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا
ملاقات کے دوران صدر زرداری نے اسرائیلی جارحیت کے دوران قطر کے قومی سلامتی کے تحفظ کے اقدامات کو سراہا اور قطری قیادت کے مثبت کردار کو اجاگر کیا۔ قطری وزیراعظم نے پاکستان اور اس کی مسلح افواج کی جرات و بہادری کو سراہا اور کہا کہ حالیہ پاک-بھارت تنازعہ میں پاکستان کا مظاہرہ قابلِ فخر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ افغانستان میں جاری اقدامات سے خطے میں پائیدار امن قائم ہو گا۔






