کراچی — خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ قومی ترقی کے لیے جدت کو شمولیت، ٹیکنالوجی کو شفافیت اور معاشی ترقی کو پائیداری سے ہم آہنگ کرنا ناگزیر ہے اور نوجوان اس تبدیلی کی اصل قوت ہیں۔
کراچی میں منعقدہ فیوچر سمٹ 2025 کے 9ویں ایڈیشن سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے مستقبل کے تعین میں اجتماعی کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دنیا تیز رفتار تبدیلیوں کے دور سے گزر رہی ہے، ایسے میں درست سمت کا تعین صرف ایک انتخاب نہیں بلکہ وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سمٹ پالیسی سازوں، ماہرین اور صنعت کاروں کے لیے ایک بہترین موقع ہے جہاں وہ پاکستان کے بہتر مستقبل کے لیے قابل عمل تجاویز اور شراکت داری تشکیل دے سکتے ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ ترقی ہمیشہ ہمت اور جدت سے جنم لیتی ہے اور پاکستان کے نوجوان اس تبدیلی کی اصل قوت ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ ہمارا ملک قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، ہمارے پاس نوجوان افرادی قوت ہے، ہمیں اپنے وسائل اور افرادی قوت کو مؤثر انداز سے بروئے کار لانا ہوگا، اور پبلک و پرائیویٹ سیکٹر ترقی کے سفر میں ایک دوسرے کے شراکت دار ہیں۔
انہوں نے سرمایہ کاروں کو خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہا کہ صوبہ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن، سیاحت کے فروغ اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر توجہ دے رہا ہے۔






