پشاور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے ایم این اے ارباب شیر علی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے اور انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی ہے۔
ای سی ایل سے نام نکالنے کے لیے دائر درخواست کی سماعت جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس انعام اللہ خان نے کی۔ وکیل درخواست گزار معظم بٹ ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ ارباب شیر علی ممبر قومی اسمبلی ہیں اور کلائمیٹ چینج کنونشن میں شرکت کے لیے برازیل جا رہے ہیں، لیکن ای سی ایل میں نام شامل ہونے کی وجہ سے بیرون ملک سفر ممکن نہیں ہو رہا۔ کنونشن 10 تا 15 نومبر کو ہوگا اور درخواست گزار کنونشن میں شرکت کے بعد واپس آجائیں گے۔
عدالت نے ارباب شیر علی کو بیرون ملک جانے کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ آپ جائیں اور واپس آ جائیں، اور مچلکے جمع کرادیں۔ عدالت نے وزارت داخلہ اور دیگر فریقین سے دو دسمبر کو آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا ہے۔






