کراچی؛ اے این پی عہدیدار کو تلاوت قرآن کے دوران فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا

0
231

سپر ہائی وے جنجال گوٹھ میں نامعلوم ملزمان نے گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے عہدیدار سمیع اللہ باجوڑی کو قتل کر دیا۔ مقتول کو اس وقت گولیاں ماری گئیں جب وہ قرآن پاک کی تلاوت کر رہے تھے۔

ڈی ایس پی سہراب گوٹھ اورنگ زیب خٹک اور علاقے کے ایس ایچ او ولایت شاہ نے بتایا کہ سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا کے علاقے جنجال گوٹھ میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے 55 سالہ سمیع اللہ باجوڑی کو قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔

پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور کرائم سین یونٹ کو طلب کر لیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ مقتول اپنے گھر میں قائم بیٹھک پر قرآن پاک پڑھ رہا تھا کہ اس دوران دو نامعلوم ملزمان نے بیٹھک میں گھس کر مقتول کو تین گولیاں مار کر قتل کر دیا۔ ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے، تاہم پولیس نے جائے وقوع سے خول اپنی تحویل میں لے لیے ہیں۔

پولیس کے مطابق مقتول سمیع اللہ باجوڑی اے این پی کے علاقائی صدر تھے اور اس سے قبل بھی ان پر حملہ ہو چکا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ مقتول کے اہل خانہ اور رشتہ داروں نے ابتدائی معلومات میں یہ الزام عائد کیا کہ یہ واقعہ ذاتی دشمنی کے باعث ہو سکتا ہے، تاہم پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔

عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے ترجمان رحمان بابر نے بتایا کہ سمیع اللہ باجوڑی اے این پی ضلع شرقی نیو سبزی منڈی یوسی 8 کے صدر تھے۔ انہوں نے اس واقعے کی مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ سمیع اللہ باجوڑی کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا