ملاکنڈ: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر لعل محمد خان انتقال کر گئے۔
ذرائع کے مطابق لعل محمد خان کئی بار قومی اور صوبائی اسمبلی کے رکن رہ چکے تھے اور ذوالفقار علی بھٹو کے دورِ حکومت میں سینیٹر بھی رہے۔ مرحوم ابتدائی سیاسی دور سے پیپلز پارٹی سے وابستہ تھے اور انتقال کے وقت طویل علالت میں مبتلا تھے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے مرحوم کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور ان کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم لعل محمد خان نے اپنی سیاسی زندگی میں عوامی خدمت کو ہمیشہ اپنا نصب العین بنایا اور ان کی خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں پیپلز پارٹی کے لیے خدمات اور عوامی سیاست میں کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔






