اسلام آباد: اقوام متحدہ کے ادارہ برائے منشیات و جرائم نے پاکستان کی منشیات کے خلاف کارروائیوں کا عالمی سطح پر اعتراف کیا ہے۔
پاکستان میں اقوام متحدہ کے نمائندہ ٹرولز ویسٹر نے انسداد منشیات میں پاکستان کو فرنٹ لائن ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اینٹی نارکوٹکس فورس کی بڑی کامیابیاں ظاہر کرتی ہیں کہ پاکستان منشیات کے خلاف فرنٹ لائن ملک ہے۔
ترولز ویسٹر نے مزید بتایا کہ افغانستان میں پوست اور ہیروئن کی جگہ مصنوعی منشیات کی لیبارٹریاں قائم ہو رہی ہیں، اور اقوام متحدہ کے ادارے نے انسداد منشیات کے حوالے سے ایک اہم روڈ میپ بھی جاری کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو منشیات کے خلاف جنگ میں اکیلا نہیں چھوڑا جا سکتا، اور منشیات کی سمگلنگ روکنے کے لیے عالمی برادری کے تعاون کی ضرورت ناگزیر ہے۔
ترولز ویسٹر نے بتایا کہ پاکستان نے ایک سال میں 365 میٹرک ٹن منشیات اور کیمیکل ضبط کیے، اور منظم جرائم کی بدلتی حکمت عملی کے تحت پاکستان کا کردار اس لڑائی میں کلیدی ہے۔






