سی ڈی اے ٹینڈر کی منسوخی ،ٹھیکیدار کا چیئرمین سے شفاف تحقیقات کا مطالبہ

0
802

اسلام آباد( حفیظ درویش ) کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین سےتعمیراتی کمپنی خان بہادر اینڈ کمپنی نے اپیل کی ہے کہ وہ پانی کی فراہمی کے ڈائریکٹوریٹ کے تحت ’’ٹیوب ویلز کی مرمت و دیکھ بھال‘‘ کے منصوبے (پیکیج I/II) سے متعلق ٹینڈر کی مبینہ طور پر غیر منصفانہ اور غیر شفاف منسوخی کا نوٹس لیں۔کمپنی کی جانب سے چیئرمین سی ڈی اے کو بھیجی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ خان بہادر اینڈ کمپنی نے دیگر اداروں کے ساتھ مذکورہ ٹینڈر میں حصہ لیا۔ مکمل جانچ پڑتال کے بعد چار فرمز بشمول خان بہادر اینڈ کمپنی کو ٹیکنیکی طور پر اہل قرار دیا گیا

اور کیس کو فنانشل بڈز کھولنے کے لیے مجاز اتھارٹی نے منظوری بھی دے دی تھی۔درخواست کے مطابق بڈز جمع کرائے جانے کے بعد 75 دن گزرنے کے باوجود کمپنی کی تقریباً 78 لاکھ روپے کی سیکیورٹی رقم تاحال منجمد ہے، جبکہ حکام کی جانب سے آئندہ لائحہ عمل کے بارے میں کوئی واضح ہدایت نہیں دی گئی۔کمپنی نے الزام عائد کیا ہے کہ متعلقہ افسران نے زبانی طور پر اطلاع دی ہے کہ اب اس ٹینڈر کو کسی غیر ملکی فنڈڈ اسکیم (IFC/NEED) سے منسلک قرار دے کر منسوخ کیا جا رہا ہے۔ کمپنی نے اس جواز کو غیر منطقی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر واقعی ایسا تعلق موجود تھا تو یہ ٹینڈر شائع ہی نہیں ہونا چاہیے تھا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ “یہ جواز اس وقت پیش کیا گیا جب افسران کو علم ہوا کہ ہماری پیش کردہ شرحیں دیگر بولی دہندگان کے مقابلے میں زیادہ مسابقتی ہیں، اور امکان ہے کہ ہماری فرم کامیاب بولی دہندہ قرار پائے۔خان بہادر اینڈ کمپنی نے چیئرمین سی ڈی اے سے ذاتی طور پر معاملے کی جانچ، شفافیت کو یقینی بنانے اور فنانشل بڈز کھولنے کی اجازت دینے کی اپیل کی ہے تاکہ انصاف، دیانت داری اور ادارے کی ساکھ برقرار رہے۔کمپنی نے خبردار کیا کہ مبہم وجوہات پر ٹینڈر منسوخ کرنا شفاف اور منصفانہ مسابقت کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے اور اس سے سی ڈی اے کی ساکھ متاثر ہو سکتی ہے۔کمپنی نے چیئرمین سی ڈی اے سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ معاملے کو انصاف اور شفافیت کے اصولوں کے مطابق حل کیا جائے گا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا