راولپنڈی کے تھانہ صادق آباد کے علاقے میں شادی کی خوشی میں ہوائی فائرنگ اور اسلحے کی نمائش کرنے والا شخص پولیس کی گرفت میں آ گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم سید حسنین شاہ، جو صادق آباد کا رہائشی ہے، اپنی ڈبل کیبن گاڑی کے پچھلے حصے میں بیٹھ کر پسٹل سے ہوائی فائرنگ کر رہا تھا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ویڈیو میں ملزم کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ وہ “بالی کے بیٹے کی شادی” کی خوشی میں فائرنگ کر رہا ہے، جبکہ اسے بار بار فائر کرتے بھی دیکھا گیا۔
وڈیو وائرل ہونے پر پولیس نے کارروائی شروع کی اور اطلاع ملنے پر ڈویژنل پبلک اسکول کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے موقع سے پسٹل اور گولیاں برآمد کرلیں، تاہم ملزم اسلحہ کا کوئی لائسنس پیش نہ کر سکا۔
پولیس نے ملزم کے خلاف اسلحہ ایکٹ اور ہوائی فائرنگ کے ذریعے خوف و ہراس پھیلانے کے الزام میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
ایس پی راول، سعد ارشد نے کہا کہ اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ قانوناً جرم ہے، ایسی حرکات سے خوف و ہراس پھیلانے اور شہریوں کی جان خطرے میں ڈالنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔






