اسلام آباد(طلوع نیوز) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے کہا ہے کہ مجھے اکتوبر میں الیکشن ہوتے نظر نہیں آ رہے اگر اسمبلی اور حکومت کی توسیع کا معاملہ آیا تو میں حمایت کروں گا۔
اتوار کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئینی طور پر حکومت کو 6 ماہ تک توسیع کی گنجائش ہے، میرا ذہن بنا ہوا ہے کہ میں نے کہاں جانا ہے اور کیا کرنا ہے، موجودہ حکومت سے اس لیے فرینڈلی ہوں کیوں کہ موجودہ بحران کا ذمے دار پی ٹی آئی کو سمجھتا ہوں، ن لیگ نے جو بھی بات ہمارے ساتھ کی وہ پوری کرنے کو تیار ہیں،
جہانگیر ترین بھائی ہیں لیکن ان کی جماعت میں میرا جانے کا کوئی امکان نہیں ہے۔راجہ ریاض نے کہا کہ ہم تو بہت پہلے ہی چیئرمین پی ٹی آئی کو پہچان گئے تھے،
انہوں نے جو بُزدارکو وزیراعلیٰ لگایا، فرح گوگی اور دم درود پر چلے اس نے ملک کی کیا خدمت کرنی ہے؟ جو لوگ چیئرمین پی ٹی آئی کو غلط مشورے دیتے تھے اب سب سے پہلے وہی لوگ انہیں چھوڑ گئے، جو بند جیل سے گھر چلا جائے اس کا مطلب ہے کہ اس نے کمٹمنٹ کی ہے اور جو کمٹنٹ نہیں کرتا اس کی دوبارہ جیل میں واپسی ہو جاتی ہے، آپ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ شاہ محمود قریشی تحریک انصاف نہیں چھوڑ رہے ہیں۔






