وزیراعظم نے شالیمار ایکسپریس کی اپ گریڈیشن کے بعد افتتاح کردیا

0
339

کراچی: وزیراعظم شہباز شریف نے شالیمار ایکسپریس کی اپ گریڈیشن مکمل ہونے کے بعد اس کا باضابطہ افتتاح کر دیا، جبکہ کراچی کینٹ اسٹیشن کی تزئین و آرائش کے منصوبے کی تقریب میں بھی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کراچی کینٹ اسٹیشن کی شاندار اپ گریڈیشن قابلِ تعریف ہے۔ فرسٹ کلاس اور اکانومی کلاس سمیت مسافروں کی انتظار گاہ، ڈائننگ روم اور خودکار ٹکٹ سسٹم بہترین معیار کے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شالیمار ایکسپریس کو ایک نئی ٹرین کا روپ دے دیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کراچی کبھی روشنیوں کا شہر تھا، مگر یہاں کا ریلوے نظام بوسیدہ ہو چکا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹیشن کی صفائی کراچی ویسٹ مینجمنٹ کے ذمے ہے، اور اگر وسطی ایشیا تک ریلوے روٹ بحال ہو جائے تو ملکی معیشت کو بہت فائدہ پہنچے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلوے اپ گریڈیشن کے لیے درکار رقم فوری فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حنیف عباسی کی قیادت میں پاکستان ریلوے جدید نظام کی طرف بڑھ رہا ہے۔ صوبوں کے ساتھ ریلوے کا اشتراک مثبت نتائج دے گا، اور اس دائرے کو بلوچستان اور خیبرپختونخوا تک بھی بڑھایا جائے گا۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ آنے والے برسوں میں پاکستان ریلوے خطے کا بہترین ٹرانسپورٹ نظام بن جائے گا۔

انہوں نے کراچی سرکلر ریلوے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ شہر کے عوام کے لیے ناگزیر ہے۔ ملک بھر میں ریلوے اسٹیشنز پر جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور پرانی عمارتوں کی بحالی بھی جاری ہے۔

حنیف عباسی

وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ کراچی کینٹ اسٹیشن کی اپ گریڈیشن قلیل مدت میں مکمل کی گئی۔ گزشتہ آٹھ ماہ میں ریلوے میں متعدد اصلاحات کی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ 150 سال بعد روہڑی جنکشن کو بھی اپ گریڈ کیا جا رہا ہے اور دیگر پرانی عمارتوں کی بحالی کا کام بھی جلد شروع ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ آؤٹ سورسنگ کے عمل میں ملازمین کے حقوق کا مکمل تحفظ کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر ریلوے کے شکر گزار ہیں۔ کراچی کے شہریوں کے لیے ٹرانسپورٹ سہولیات پر بہت کام ہو رہا ہے اور الیکٹرک بسوں کا منصوبہ بھی جلد مکمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ریلوے کی ترقی کے لیے وفاق کی مکمل حمایت کرے گی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا