قومی اسمبلی میں ڈومیسٹک وائلنس بل 2025 منظور، بیوی اور بچوں پر ذہنی و جسمانی اذیت قابلِ سزا قرار

0
745

اسلام آباد: قومی اسمبلی نے بیوی، بچوں اور گھر میں رہنے والے دیگر افراد کے سماجی تحفظ سے متعلق اہم قانون ڈومیسٹک وائلنس بل 2025 منظور کر لیا ہے۔ منظوری کے بعد بل اب مزید کارروائی کے لیے سینیٹ میں پیش کیا جائے گا۔

منظور شدہ بل کے مطابق بیوی، بچوں یا گھر کے دیگر افراد کو گالی دینا، جذباتی یا نفسیاتی طور پر پریشان کرنا قابلِ سزا جرم ہوگا۔ بل میں تین سال تک قید اور ایک لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا تجویز کی گئی ہے۔

مسودے میں گھر کے معذور یا بزرگ افراد کا تعاقب کرنا، بیوی کو مرضی کے بغیر گھر میں کسی اور کے ساتھ رکھنا، اور خاندان کے افراد کی پرائیویسی یا عزتِ نفس مجروح کرنا بھی جرم قرار دیا گیا ہے۔

بل کے مطابق بیوی یا دیگر گھر کے افراد کو جسمانی نقصان پہنچانے کی دھمکی دینا، غلط الزامات لگانا، یا ان کا خیال نہ رکھنا بھی سزا کے دائرے میں آئے گا۔ اس کے علاوہ جنسی اور معاشی استحصال کو بھی قانونی تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔

ڈومیسٹک وائلنس بل کا اطلاق بیوی، بچوں، بزرگ افراد، معذور افراد، لے پالک افراد اور ایک ساتھ رہنے والے ٹرانس جینڈر افراد پر بھی ہوگا۔

واضح رہے کہ یہ بل پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی نے پیش کیا تھا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا