پشاور: خیبر پختونخوا کے بنوں ریجن میں پولیس، سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز نے مشترکا کارروائیوں کے دوران تین اہم کمانڈرز سمیت 17 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ مختلف علاقوں میں ہونے والے ان آپریشنز میں کئی دہشت گرد زخمی بھی ہوئے، جبکہ تمام کارروائیوں میں پولیس اور فورسز کے اہلکار محفوظ رہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شیری خیل اور پکہ پہاڑ خیل میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کی موجودگی پر کیے گئے آپریشن میں دس دہشت گرد مارے گئے اور پانچ زخمی ہوئے۔ کارروائی کے دوران ایک سہولت کار کو بھی گرفتار کیا گیا۔ ہلاک دہشت گردوں میں مطلوب کمانڈرز نیاز علی عرف اکاشا اور عبداللہ عرف شپونکوئی شامل ہیں۔
نصر خیل میں لکی پولیس، سی ٹی ڈی اور امن کمیٹی کی مشترکہ کارروائی میں ایک اور مطلوب دہشت گرد ہلاک کیا گیا۔ اہل علاقہ نے دہشت گردوں کے خلاف فورسز کا ساتھ دیتے ہوئے بھرپور تعاون فراہم کیا۔
بنوں کے علاقے ہوید میں بھی پولیس اور امن کمیٹی کا دہشت گردوں سے آمنا سامنا ہوا جس کے بعد دہشت گرد فرار ہوگئے۔ ادھر ڈومیل میں دہشت گردوں کی فائرنگ کے بعد آٹھ گھنٹے طویل آپریشن میں چھ دہشت گرد مارے گئے اور متعدد زخمی ہوئے۔ کارروائی میں خطرناک کمانڈر رسول عرف کمانڈر آریانہ بھی ہلاک ہوا۔
آپریشنز کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا جبکہ مقامی کمانڈ اسٹرکچر کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے کامیاب کارروائیوں پر پولیس، سی ٹی ڈی اور فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی سرزمین کو دہشت گردی سے مکمل طور پر پاک کیا جائے گا اور دہشت گردوں کا ہر جگہ پیچھا جاری رہے گا۔





