ملک بھر میں قومی اسمبلی کے 6 اور صوبائی اسمبلی کے 7 حلقوں میں ضمنی انتخابات آج منعقد ہوں گے، جہاں ہزاروں ووٹرز اپنے نمائندے منتخب کرنے کیلئے پولنگ اسٹیشنز کا رخ کریں گے۔
قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 18 ہری پور، این اے 129 لاہور، این اے 143 ساہیوال، این اے 185 ڈیرہ غازی خان، این اے 96 فیصل آباد اور این اے 104 فیصل آباد میں ووٹنگ کا عمل ہوگا۔ اسی طرح صوبائی اسمبلی کے حلقے پی پی 98، پی پی 115، پی پی 116، پی پی 73 سرگودھا، پی پی 87 میانوالی، پی پی 203 ساہیوال اور پی پی 269 مظفرگڑھ میں بھی آج ووٹنگ ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے انتخابی سیکیورٹی کے لیے پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کیلئے ضابطۂ اخلاق جاری کیا ہے۔ قواعد کے مطابق پولیس پہلی، سول آرمڈ فورسز دوسری جبکہ پاک فوج تیسری رسپانڈر کے طور پر تعینات ہوگی۔ حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کے باہر فوج اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ پریس، انتخابی مواد کی حفاظت اور ترسیل کے دوران بھی پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کو سیکیورٹی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے تاکہ انتخابی عمل شفاف اور پرامن انداز میں مکمل ہو سکے۔





